اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید جرأت و بہادری کا نشان بن کر عددی برتری کے نشے میں چور دشمن اور لاہور کے درمیان سیسہ پلائی دیوار کی مانند ڈٹ کر کھڑے رہے،میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر نے ستمبر 1965کی جنگ میں اپنی جرأت و شجاعت سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے میجر راجہ عزیز بھٹی نشان حیدر کے 59ویں یومِ شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میجر عزیز بھٹی لاہور پر شب خون مار کر قبضہ کرنے کا خواب دیکھنے والے دشمن کو میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کے وطن کے دفاع کیلئے غیر متزلزل عزم نے واپس بھاگنے پر مجبور کر دیا۔ عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کی وطن کے دفاع کیلئے اس عظیم قربانی کو رہتی دنیا تک پاکستان کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائیگا۔