اسلام آباد (فاروق اقدس) مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم آئندہ ماہ پاکستان کے دورے پر اسلام آباد آئیں گے۔ امکانی طور پر ملائشیا کے وزیراعظم کا یہ دورہ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں ہوگا۔ ملائیشیائی وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان پہنچے گا۔ دورے کے دوران باہمی تجارت، سرمایہ کاری پر بات چیت ہوگی جبکہ خصوصی طور پر مسئلہ فلسطین پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے میں دونوں ممالک کے درمیان متعدد معاہدوں و مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط ہوں گے۔