کراچی ( اسٹاف رپورٹر) اسٹیٹ بینک نے نئے کرنسی نوٹوں کی سیریز سے متعلق وضاحت جاری کی ہے ،اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامئے میں کہا گیا ہےاسٹیٹ بینک آف پاکستان نے رواں سال جنوری میں نئے بینک نوٹوں کی سیریز کے موضوعاتی ڈیزائن اور آئیڈیاز کے لیے آرٹ کے مقابلے کے اعلان کے ساتھ نئے بینک نوٹوں کی سیریز کی ڈیزائننگ کا عمل شروع کیا تھا۔ آرٹ مقابلے کا مقصد مقامی فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرنا اور بین الاقوامی سطح پر رائج بہترین ضابطہ عمل کے مطابق ڈیزائن کی تیاری کے عمل میں عوام کو شامل کرنا تھا۔ مقامی فنکاروں کی جانب سے جمع کرائے گئے ڈیزائنوں کا جائزہ معزز ماہرین پر مشتمل کمیٹی نے لیا اور اس مقابلے کی فاتح انٹریز کا اعلان 5 ستمبر 2024 ء کو کیا گیا۔آرٹ کے مقابلے کے ان نتائج کے اعلان کو ذرائع ابلاغ اور بعض عوامی حلقوں کی جانب سے نئے بینک نوٹوں کی سیریز کے ڈیزائنوں کی شارٹ لسٹنگ کے طور پر تعبیر کیا گیا۔