کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے ’’الیکٹرک ٹیکسی سروس‘‘ شروع کرنے کیلئے کوششیں تیز کردیں۔ سینئر وزیر وصوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ الیکٹرک ٹیکسیز کیلئے تمام ضروری انفرااسٹرکچر اور سہولتوں کی فراہمی کیلئے چارجنگ اسٹیشنز کا قیام، ہموار ریگولیٹری عمل ، سرمایہ کاروں اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول یقینی بنائے گی۔وہ جمعرات کو یہاں الیکٹرک ٹیکسیز کے حوالے سے چینی آٹو موبائل کمپنی جی اے سی اور دیوان موٹرز کے نمائندوں سے ملاقات کررہے تھے، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، دیوان یوسف فاروقی، چینی کمپنی کے جنرل منیجر (جی ایم)ژو سونگ، ژین وین ، ظفر حسن اور دیگر بھی موجود تھے۔ چینی کمپنی کے جی ایم نے الیکٹرک وہیکلز کے بارے میں تفصیلات بتائیں، جب کہ ملاقات میں الیکٹرک ٹیکسیز متعارف کرانے کے لیے مختلف آپشنز پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔