کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر ضابطہ خان شنواری نے احتجاجی ملازمین اور اساتذہ کے خلاف سخت موقف اپناتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہکسی بھی ملازم کے غیر قانونی مطالبات کو ہرگز منظور نہیں کیا جائے گا اور یونیورسٹی کا پرامن ماحول خراب کرنے کی کوشش اور غیر قانونی اقدامات میں ملوث افراد کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی، ترجمان جامعہ اردو کی پریس ریلز کے مطابق گلشن اقبال میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں چند اساتذہ اور غیر تدریسی ملازمین غیر قانونی طریقہ سے رینٹل سیلنگ کی ادائیگی اور دیگر چند ذاتی مفادات کے حصول کے لیے یونیورسٹی کے پرامن ماحول کو خراب کر کے مزید بحرانوں میں مبتلا کرنا چاہتے ہیں انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اردو یونیورسٹی میں ملازمین کو رینٹل سیلنگ الاؤنس دیا جاتا ہے جس کے لیے ضروری ہے کہ متعلقہ دستاویزات کی تصدیق کی جائے۔ انتظامیہ نے مزید کہا کہ اردو یونیورسٹی گزشتہ کئی سال سے شدید مالی بحران کا شکار ہے جس کی وجوہات میں غیر قانونی اور زائد تقرریاں، کرپشن کے معاملات اور مستقل وائس چانسلر کی عدم موجودگی رہی ہے۔ جب کہ کرپشن میں 5 ملازمین کو ملوث بھی قرار دیا گیا ہے جن میں سابق قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاء الدین، سابق قائم مقام رجسٹرار ڈاکٹر ماہ جبیں، سابق قائم مقام ٹریژرار سید اقبال حسین نقوی، آفس اسسٹنٹ شعبہ حسابات عدنان اختر اور سابق کوآرڈینیٹر ٹو وائس چانسلر آصف رفیق شامل ہیں۔