اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن پنجاب زون کے چیئرمین چوہدری ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ نئے کرشنگ سیزن میں پندرہ لاکھ ٹن فالتو چینی بنے گی ، گنے کے کاشت کاروں کی ادائیگیاں نہ ہونا ایک لمحہ فکریہ ہے۔ کسان ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ کسانوں کو تمام فصلوں میں بری طرح مار پڑ چکی ہے اور گنا ایک واحد فصل ہے جس سے کسان کچھ منافع حاصل کر سکتا ہے اور خوشحال ہو سکتا ہے۔ وہ گزشتہ روز انجمن کاشتکاران کے چیئرمین رانا افتخار محمد سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نیا کرشنگ سیزن شروع ہونے میں تقریباً دو ماہ رہ گئے ہیں مگر کچھ کسانوں کی ادائیگیاں ابھی تک ملوں پر واجب الادا ہیں جو اسی صورت میں ممکن ہو پائیں گی جب وفاقی حکومت مکمل سرپلس چینی کی برآمد کی اجازت دیگی۔ اگر ادائیگیاں نہ ہوئیں تو کسان سڑکوں پر نکل کر بھرپور احتجاج کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرپلس چینی کی برآمد ترجیحی بنیادوں پر کرنے کی اجازت دینی چاہئے مگر افسوس کی بات ہے کہ اگلے کرشنگ سیزن میں مشکل سے دو ماہ رہنے کے باوجود ملوں کے گودام تاحال چینی سے بھرے ہوئے ہیں۔