اسلام آباد (ایجنسیاں ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور ساری رات کوہسار کمپلیکس میں معافیاں مانگتا رہا‘ہم نہیں پوچھتے یہ خود ہی پوچھ لیں وہ آئی ایس آئی کے پاس کیا کرنے گئے تھے ؟گنڈا پور دو نمبر آدمی ہے‘ اس پر بھروسہ نہ کریں‘پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹرگوہر نے خواجہ آصف کو مخاطب کرتے ہوئے کہاہےکہ ہم اپوزیشن میں ضرور ہیں لیکن آپ کے غلام نہیں ہیں‘ اپنی زبان ٹھیک کرلیں ‘ جب کچھ بولتے ہو تو حوصلہ رکھو کہ جواب سن کر بھی جاؤ‘ادھر مسلم لیگ (ن)کے سینیٹر عرفان صدیقی کا کہناہے کہ خارجہ پالیسی بنانا صرف وفاق کا کام ہے‘وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے افغان قونصل جنرل کو بلاکر بہت خوفناک اور غلط روایت ڈالی ہے ۔جمعہ کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پراظہارخیال کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی پی ٹی آئی کا مسئلہ حل کرنے کے لیے بنائی گئی ہے‘ میں اس کمیٹی کا ممبر نہیں رہنا چاہتا۔قبل ازیں صحافیوں سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ گرفتاریاںباہر سے ہوئی ہیں۔