اسپین میں ایک ایسا شخص سامنے آیا ہے جس کا پیشہ پیسے لے کر لوگوں کی شادیاں برباد کرنا ہے۔
ارنیستو نامی درمیانی عمر کا یہ شخص حال ہی میں خبروں کی زینت بنا جب اسکی ویڈیو ٹک ٹاک شو پر وائرل ہوئی۔
ارنیستو نے دعویٰ کیا کہ جہاں زیادہ تر لوگ اپنی شادی کے دن کو اپنی زندگی کا سب سے خوشگوار لمحہ سمجھتے ہیں وہاں کچھ لوگوں کےلیے یہ دن ایک ڈراؤنا خواب ہوتا ہے اور یہی لوگ اس کے گاہک ہیں۔
اس شخص کا کہنا ہے کہ وہ 500 یورو (تقریباً ڈیڑھ لاکھ پاکستانی روپے) کی بنیادی فیس کے بدلے شادی کی تقریب کو برباد کر دیتا ہے اور دولہا یا دلہن کے زندگی کے سچے پیار کا دعویٰ کرتا ہے اور یوں شادی کی تقریب منسوخ ہو جائے گی۔
ارنیستو کہتا ہے کہ "اگر آپ کو شادی کے بارے میں شک ہے یا آپ انکار نہیں کر پارہے تو فکر نہ کریں، میں آپ کی شادی منسوخ کردوں گا۔ آپ کو بس مجھے وقت، مقام اور تاریخ بتانی ہے اور میں تقریب میں پہنچ جاؤں گا۔"
اسکے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ اس نے یہ سب مذاق میں شروع کیا لیکن جب اسے متعدد درخواستیں موصول ہوئیں تو اس نے اس کام کو سنجیدہ کاروبار میں بدل دیا۔
ارنیستو کا کہنا ہے کہ اس کی یہ خدمت کافی مقبول ہو چکی ہے، یہاں تک کہ اس کا شیڈول 2 نومبر تک مکمل طور پر طے ہوچکا ہے۔