اسلام آباد ( ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار ) جڑواں شہروں میں101وارداتوں میں نقدی ، زیورات ، دیگر قیمتی سامان کے علاوہ3کاریں، ایک رکشہ ,37 موٹر سائیکل اور 31موبائل فون اڑا لئے گئے،5 موٹر سائیکل اور13 موبائل فون اور نقدی اسلحہ کی نوک پرجبکہ 9موبائل فون جھپٹا مار کر چھین لئے گئے ، 39گھروں کے تالے ٹوٹ گئےاور چور لاکھوں روپے کی نقدی ،زیورات کے علاوہ دیگر قیمتی گھریلو سامان لے اڑ ے۔تھانہ واہ کینٹ صدر کے علاقے کوہستا ن انکلیو میں جویریا زمان خان کے گھر سے ساڑھے تین لاکھ روپے کی نقدی اور 40 لاکھ روپے مالیت کے زیورات ، اسی علاقے میں فیصل سلیم کی دکان سے آٹھ لاکھ روپے مالیت کا سولر انورٹر چوری کر لیا گیا ۔تھانہ روات کے علاقے فیز 8 میں فہد محمود کے گھر سے 22 لاکھ روپے کی نقدی ،زیورات اور انعامی بانڈز چوری کر لئے گئے ۔ تھانہ صدر بیرونی کے علاقے میں ملائیکہ جبین کے گھر سے ایک لاکھ روپے مالیتی زیورات جبکہ جراحی سٹاپ پر عمر مشتاق کے گھر سے 5 لاکھ روپے مالیت کے دو لیپ ٹاپ ، دو موبائل اور دو انگوٹھیاں چوری کر لی گئیں۔ تھانہ ائر پورٹ کے علاقے گلزار قائد میں پروین اختر کے گھر سے 7 لاکھ روپے کے سونے کے زیورات ،تھانہ بنی کے علاقے جنگلات روڈپر راجہ کامران اقبال کے دفتر سے 7لاکھ روپے چوری کر لئے گئے ۔وفاقی دارالحکومت میں سرکاری اہلکاروں کے روپ میں معروف کاروباری مرکز جی ٹین فور میں ڈاکوؤں نے چائنیز کمپنی کے ملازمین سے نقدی اور کروڑوں روپے مالیتی سامان لوٹ لیا ۔رمنا پولیس نے ضیاء خان کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ۔