اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار )وفاقی محتسب ادارے کی پہنچ اور رسائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اب مظفر آباد آزاد کشمیر اور گلگت میں دو نئے دفاتر کے قیام کے بعد ملک بھر کے 24 شہروں میں محتسب سیکرٹیریٹ عوام کو سہولیات فراہم کر رہا ہے، جب کہ اس سال بھی دور دراز علا قوں میں مز ید نئے دفا تر کھو لے جائیں گے۔ منگل کو محتسب سیکرٹیریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہا کہ ان کے ادارے میں سال 2024 ء کے دوران عوامی شکایات اور ان کی داد رسی میں ریکارڈ اضافہ ہوا ، سال2024ء کے دوران دو لاکھ 23ہزار 171 شکایات کے فیصلے کئے گئے جو گزشتہ سال سے16 فیصد زیادہ ہیں جب کہ اس سال دو لا کھ 26 ہزار 371 شکا یات موصول ہو ئیں۔93 فیصد فیصلوں پر عملد رآمد بھی ہوگیا ۔ 2024 کے دوران ہمارے انوسٹی گیشن افسران نے ملک کے دور دراز علا قوں میں خود جا کر 126 کھلی کچہریاں لگائیں۔