بالی و ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنے شادی کے دن میک اپ آرٹسٹ کو میک اپ کا کام جلدی نمٹانے کا کہا تھا۔
یاد رہے کہ 31 سالہ اداکارہ عالیہ بھٹ نے 2022ء میں اداکار رنبیر کپور کے ساتھ شادی کی تھی۔
اس جوڑی کی ایک ننھی بیٹی راہا بھی ہے۔
رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ نے نہایت سادگی کے ساتھ شادی کے لیے اپنے گھر کا ہی انتخاب کیا تھا جبکہ بارات عمارت کی ایک منزل سے دوسری منزل پر گئی تھی۔
عالیہ اور رنبیر کی شادی اور اس سے قبل سالہا سال چلنے والے معاشقے سے متعلق متعدد دلچسپ حقائق سامنے آتے رہتے ہیں جن میں سے ایک سے اداکارہ نے حال ہی میں پردہ اٹھایا ہے۔
اداکارہ نے حال ہی میں ایک میڈیا پورٹل کو انٹرویو میں اپنی شادی سے متعلق ایک مزاحیہ واقعہ شیئر کیا ہے۔
عالیہ بھٹ کا کہنا ہے کہ جب میرے میک اپ آرٹسٹ پونیت بی سینی نے میرے میک اپ کے لیے دو گھنٹے کی درخواست کی تو میں حیران رہ گئی۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے حیرانگی سے میک اپ آرٹسٹ کو دیکھا اور پوچھا کہ کیا تم میری شادی والے دن بھی میک اپ کے لیے مجھ سے دو گھنٹے مانگو گے؟ یہ میری شادی ہے، میں آج میک اپ کے لیے اتنا انتظار نہیں کروں گی۔
عالیہ بھٹ نے یہ بھی کہا کہ میں نے میک اپ آرٹسٹ سے کہا کہ میرے میک کو جلدی جلدی ختم کرو تاکہ میں اپنی شادی پر زیادہ توجہ دے سکوں، میں اپنی شادی کو انجوائے کرنا چاہتی ہوں۔