میڈرڈ(جواد چیمہ ) ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے میڈرڈ میں فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی ۔سپین کی طرف سے فلسطین کو بطورریاست تسلیم کرنے کے بعد دونوں رہنماؤں کی یہ پہلی ملاقات تھی ،جس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اورغزہ کشیدگی پر گفتگوکی گئی۔ بعدازاں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران پیڈروسانچز نے کہا کہ فلسطینی عوام کو اپنی ریاست رکھنے کا پورا حق حاصل ہے جو اسرائیل کے ساتھ امن اور سلامتی کے ساتھ رہتے ہیں۔ آگے بڑھنے کا یہ واحد راستہ ہے۔انہوںنے کہاکہ تشددکے خاتمے ، شہری آبادی کو ضروریات زندگی کی فراہمی،مغویوںکی رہائی کے لیے جنگ بندی ضروری ہے ۔ اس موقع پر محمود عباس نے فلسطینی ریاست کی حمایت کرنے پر پیڈرو سانچیزہسپانوی حکومت اورعوام کاشکریہ اداکیا اورکہاکہ ہم سپین کے کردار کو نہیں بھول سکتے جب اس نے 1992 میں امن کانفرنس کی میزبانی کی تھی۔ اسی وجہ سے ہم اپنی درخواست کا اعادہ کرتے ہیں کہ یہاں میڈرڈ میں دوسری امن کانفرنس ہو۔