کراچی (اسٹاف رپورٹر) جنوبی افریقا کی خواتین کر کٹ ٹیم نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو8وکٹ سے ہراکر تین میچوں کی سیریز2-1سے جیت لی ۔ جمعہ کو ملتان میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے 5 وکٹوں پر153 رنز بنائے۔ فاتح ٹیم نے 18.3 اوورز میں2 وکٹ پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔ گل فیروزہ اور منیبہ علی نے پہلی وکٹ کی شراکت میں50 رنز کا اضافہ کیا۔ منیبہ علی4 نے چوکوں کی مدد سے33 ، سدرہ امین 40 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے37 اور کپتان فاطمہ ثنا نے ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 27 رنز بنائے ۔ جنوبی افریقا کی اننگز کے پہلے ہی اوور میں سعدیہ اقبال نے ٹیزمین برٹس کو صفر پر آؤٹ کردیا ۔ اینیکے بوش 46 رنز کے انفرادی اسکور پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئیں۔ کپتان وولوارٹ 45 رنز بناکر طوبٰی حسن کی گیند پر بولڈ ہوئیں ۔ ڈرکسن نے 23 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے44 رنز اسکور کیے۔