اسلام آباد ( نامہ نگار خصوصی) پاکستان سمیت دنیا بھر میں امن کا عالمی دن ہفتہ (21 ستمبر )کو منایا گیا ۔ اس دن کو منانے کا مقصددنیا بھر میں عام آدمی کو امن کی اہمیت اور جنگوں کی بربادی اور نقصانات کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ، برداشت، ہم آہنگی، انسانیت کا احترام جیسی روایات کو پروان چڑھانے اور نوجوان نسل میں اس حوالے سے شعوراجاگر کرنا ہے،یہ دن عدم تشدد اور جنگ بندی کے طور پر بھی منایا گیا،امن کے بین الاقوامی دن کے موقع پرپاکستان سمیت دنیا بھر میں مختلف سرگرمیوں اور امن کے فروغ کی کوششوں کو اجاگر کرنے کے لئے تقریبات کا انعقاد ،سرکاری اور نجی سطح پر منعقدہ تقریبات میں دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کے حوالے سے کئے گئے مختلف اقداما ت اور کاوشوں کو اجاگر کیا گیا ،جن میں بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ ،امن اور بھائی چارے کی فضاکا قیام اور معاشروں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لئے اقدامات شامل ہیں ، عالمی سطح پر قیام امن کے لئے پاکستان کی کوششوں سے پوری دنیا واقف ہے ،پاکستان کے امن دستے اقوام متحدہ کے مشن کی تکمیل میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ایسے علاقوں میں جہاں امن کی ضرورت تھی وہاں پر پاک فوج نے اپنی پیشہ ورانہ خدمات سرانجام پیش کیں،گزشتہ کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ کے امن دستوں نے عالمی امن اور سلامتی کے لیے ان گنت قیمتی جانیں بھی بچائیں ،اقوام متحدہ کے اصولوں کے مطابق پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہونے کے ناطے امن کے مبصرین کو اپنے مینڈیٹ کی تکمیل کے لیے مکمل مدد اور رسائی فراہم کرتا ہے235,000 سے زائد پاکستانی فوجیوں نے دنیا کے 29 ممالک میں اقوام متحدہ کے 48 مشنز میں خدمات انجام دی ہیں ،پاکستانی امن دستوں نے اعلی سطح پر امن کی بحالی کی کوششوں میں کلیدی کردار ادا کیا ہے جو مستقبل میں بھی جاری رہے گاپاکستان کو اقوامِ متحدہ کے قیام امن کے لیے اپنی دیرینہ وابستگی پر فخر ہے۔