لیڈز(زاہد انور مرزا) برطانیہ میں موسلادھاربارش اورسیلاب کے باعث کئی موٹرویز بند جب کہ بس وٹرین سروسز شدید متاثر ہوئیں ،جس کی وجہ سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا،ایم 25سلپ روڈ بند رہا، انگلینڈ کے جنوب مشرق میں ڈرائیوروں کوشدید مشکلات درپیش ہیں،انہیں لندن جانے کے لیے متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ، اے ایف سی ومبلڈن اور نیو کیسل یونائیٹڈ کاآج منگل کو ہونے والا میچ منسوخ کردیاگیا،محکمہ موسمیات کےمطابق انگلینڈ کے کئی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث انگلینڈ اور ویلز کے کچھ حصوں میں بڑے پیمانے پر سیلاب آیا۔کئی موٹرویز اور ہم شاہراہیں بند ہوگئیں۔نظام زندگی بری طرح مفلوج ہو کر رہ گیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق میٹ آفس نے وسطی اور جنوبی انگلینڈ کے بیشتر علاقوں کے لیےخراب موسم کی وارننگ جاری کر رکھی تھی ۔شدید بارش کے سبب اے ایف سی ومبلڈن کا نیو کیسل یونائیٹڈ کے خلاف منگل کی شام ہونے والا میچ "وسیع" سیلاب کے بعد منسوخ کر دیا گیا ہے ۔زرد موسم کی وارننگ ویلز کے ساتھ ساتھ انگلینڈ کے بیشتر علاقوں کے لیے جاری کی گئی ہے۔ انوائرونمنٹ ایجنسی کے پاس اس وقت سیلاب کی 12 وارننگز ہیں۔ انگلینڈ کے کئی علاقوں میں سیلاب آنے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔ سیلاب کے باعث M25 سلپ روڈ کو کئی گھنٹوں کے لیے بند کرنا پڑاجبکہ بسوں اور ٹرینوں کی روانگی میں بھی تاخیر ہوئی ۔انگلینڈ کے جنوب مشرق میں ایک رات کی شدید بارش شہریوں کے لیے سفر میں تاخیر کا سبب بنی جس سے ڈرائیوروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔نیشنل ہائی ویز نے ڈرائیوروں کے لیے خصوصی ہدایت جاری کی ہیں جنکشن 10 پر M25 سے شمال کی طرف جانے والی انٹری سلپ روڈ سیلاب کی وجہ سے بند ہونے کے بعد ڈرائیوروں سے لندن کے لیے متبادل راستے اختیار کرنے کا کہا گیا۔سدرن ریلوے نے کہا کہ "شدید موسم" کی وجہ سے گیٹ وِک ایکسپریس، سدرن اور تھامس لنک سروسز متاثر ہونے کی وجہ سے ٹرینوں میں تاخیر ہوئی ہے۔میٹ آفس نے کینٹ، سرے اور سسیکس میں پیر کی صبح 05:00 سے 23:59 تک بارش کے لیے پیلی وارننگ جاری کی تھی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق انگلینڈ کے کئی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔