لاہور(خبرنگار) پنجاب حکومت نے سرکاری جامعات میں وائس چانسلرز کی تعیناتی شروع کر دی۔ پنجاب یونیورسٹی میں پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، یونیورسٹی آف انجئینرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں پروفیسر ڈاکٹرشاہد منیر، یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور یونیورسٹی آف گجرات میں انجئینر پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع،یونیورسٹی آف انجئینرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا میں پروفیسر ڈاکٹر عنایت اللہ خان، خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجئینرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان میں پروفیسر ڈاکٹر عامر اعظم خان، بہاوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں پروفیسر ڈاکٹر محمد زبیر اقبال کو وائس چانسلر تعینات کر دیا ہے۔ وائس چانسلرز کو چار سال کے لیے تعینات کیا گیا ہے ، ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گورنر پنجاب نے کسی بھی وائس چانسلر کی تعیناتی کی منظوری نہیں دی انھیں 13 یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی تعیناتی کیلئے سمریاں بھجوائی گئی تھیں، گورنر ہائوس ذرائع کے مطابق سمریاں موجود ہیں لیکن کسی پر بھی دستخط نہیں کیے گئے۔ محکمہ ہائیر ایجوکیشن کے نوٹیفیکشنز میں گورنر کی سفارشات کا کوئی تذکرہ نہیں ، قانون کے مطابق گورنر کیلئےدس روز میں سمری پر جواب دینا لازم ہے ورنہ 14 روز بعد سمری خود ہی منظور ہوجاتی ہے۔ کوئی سمری منظور نہ کرنی ہو تو اس پر اعتراض لگانا ضروری ہے جبکہ گورنر صرف تحفظات کا اظہار کرتے رہے ذرائع کے مطابق دونوں سیاسی جماعتوں میں مفاہمت کے ساتھ ایسا کیا گیا ہے۔