پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ عذرا منصور کا کہنا ہے کہ ماورہ حسین کے ساتھ کام کرنے سے پہلے ان کے بارے میں جو کچھ سنا تھا اُنہیں اس سے بالکل مختلف پایا۔
عذرا منصور نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے ماورہ حسین کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے کہا کہ ماورہ حسین اتنی اچھی بچی ہے کہ مجھے اس سے پیار ہو گیا ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ جب میں نے ڈرامہ سیریل ’جفا‘ سائن کیا تو مجھے کسی نے سیٹ پر ماورہ کے رویے کے بارے میں خبردار کیا تھا۔
اُنہوں نے بتایا کہ جس شخص نے مجھے سیٹ پر ماورہ کے رویے سے متعلق خبردار کیا تھا اس نے کہا تھا کہ دیکھتے ہیں کہ آپ کب تک ماورہ کے ساتھ چل سکیں گی کیونکہ ان کے ساتھ کام کرنا بہت مشکل ہے۔
عذرا منصور نے بتایا کہ میں یہ بات سن کر تھوڑا ڈر گئی تھی لیکن میں نے سوچا کہ میں ماورہ کے ساتھ زیادہ محبت سے پیش آؤں گی تاکہ ہمیں ساتھ کام کرنے میں کوئی پریشانی نہ ہو۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ لیکن جب میں نے ماورہ کے ساتھ کام کیا تو مجھے تو یہ لگا کہ وہ ایک حیرت انگیز ساتھی اداکارہ ہیں۔