بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل) آستانہ عالیہ نقیبیہ کے زیر اہتمام بریڈفورڈ ٹاؤن ہال کے باہر میلاد مصطفی ﷺ کی شاندار محفل منعقد کی گئی جس میں ممبران پارلیمنٹ ، بشپ آف بریڈفورڈ ، ڈپٹی لارڈ میئر اور کونسلرز کے علاوہ مختلف مذاہب کے افراد نےبڑی تعدادمیں شرکت کی۔ اس موقع پر ناز شاہ ایم پی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ربیع الاوّل کا مہینہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمیں نبی اکرمﷺ کی تعلیمات اور ان کے اسوۂ حسنہ پر عمل کرنا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے آخری نبی حضرت محمد ﷺ کی سیرت مبارکہ ہمارے لئے سب سے بہترین ماڈل ہے آپﷺ کی سیرت طیبہ کے اخلاقی پہلو ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ آل پارٹی کشمیر کے پارلیمانی چیئرمین بیرسٹر عمران حسین ایم پی نے خطاب کرتے ہوئے بریڈفورڈ کو مذہبی رواداری اور یکجہتی کا ایک عظیم شہر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بریڈفورڈ تمام قومیتوں کا بہترین گلدستہ اور اس صدی کا قابل فخر شہر ہے، جہاں یکجہتی کی عظیم مثالیں ہیں، اس شہر میں دنیا بھر میں جہاں بھی ناانصافی اور انسانی حقوق کا مسئلہ ہوا بریڈفورڈ کی کمیونٹی نے متحد ہو کر آواز بلند کی۔ میلاد النبیﷺ کے پُر مسرت موقع پر بریڈفورڈ میں امن و محبت کا پیغام دیا جا رہا ہے، انہوں نے منتظمین کو اس شاندار پروگرام کے انعقاد پر مبارک باد دی۔ ڈپٹی لارڈ میئر کونسلر شفیق، جمعیت تبلیغ الاسلام اور آستانہ عالیہ نوشاہیہ کے سجادہ نشین صاحبزادہ احسن شاہ شرافت نوشاہی، بشپ آف بریڈفورڈ ٹوبی ہاورتھ ،صوفی خواجہ محمد اسد اللہ شاہ، خواجہ صوفی نقیب الرحمٰن شاہ، آستانہ عالیہ نقیبیہ کے جاوید قادر اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حضرت محمد ﷺ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بناکر بھیجا گیا، آپ ﷺ کی تعلیمات رہتی دنیا تک انسانیت کیلئے مشعل راہ ہیں۔ موسم خراب ہونے کے باوجود تقریب میں مرد اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی جب کہ نوجوان نعت خوانوں نےخوبصورت انداز میں بحضور خاتم النبیین ﷺ کلام پیش کر کے تقریب کو روح پرور بنا دیا۔