اسلام آباد (طاہر خلیل،نمائندہ خصوصی) پاکستان کے دشمن دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔ امن اور ترقی کا چولی دامن کا ساتھ ہے‘ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انسداد دہشت گردی کے موضوع پر بحریہ یونیورسٹی میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کے مقررین نے کیا۔ کانفرنس کا انعقاد پاکستان انسٹیٹوٹ فار کانفلیکٹ اینڈ سکیورٹی سٹڈیز (پکس) نے بحریہ یونیورسٹی سوشل سائنسز فیکلٹی کے اشتراک سے کیا۔ کانفرنس کا افتتاح وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کیا جبکہ مقررین میں سری لنکا کے سابق آرمی چیف جنرل دایا رتنائکے‘ سابق کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل خالد ربانی، بحریہ یونیورسٹی کے ریکٹر وائس ایڈمرل آصف خالق، چیئرمین پکس میجر جنرل محمد سعد خٹک‘ نیکٹا احسان غنی‘ ڈاکٹر کلیم امام‘ ڈاکٹر مارٹن کیر‘ پروفیسر سونگ ژی ہو‘ ڈاکر فرح ناز‘ عبدالباسط‘ میجر (ر) ڈاکٹر غلام قمر‘ میجر جنرل (ر) انعام الحق‘ ڈاکٹر ماریہ سلطان‘ ڈاکٹر آدم سعود‘ ڈاکٹر فیاض‘ دیب گیلانی اور دیگر نے خطاب کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ دشمن ہماری ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنا چاہتے ہیں لیکن پاکستان کی حکومت اور ادارے خبردار ہیں۔