• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس کے صوبہ بھر میں کومبنگ آپریشنز، 57عادی مجرم گرفتار

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) پنجاب پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں 432 کومبنگ آپریشنز کئے اس دوران 14 ہزار 857مشتبہ افراد کی چیکنگ کی گئی اور 50 مشکوک افراد حراست میں لئے گئے، ایسٹر کو پرامن بنانے کے تناظر میں پنجاب پولیس کے انٹیلی جنس بیسڈ سرچ، سویپ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری ہیں ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 43 سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کیے گئے اور 1968 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ 12 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ سنگین جرائم میں ملوث 228 اشتہاری، 132عدالتی مفرور اور 57عادی مجرمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ جرائم پیشہ و مشتبہ افراد کے قبضہ سے بڑی تعداد میں ناجائز اسلحہ اور گولیاں برآمد کی گئیں۔ جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائی کے دوران ایک مجرم کوکیفرکردار تک پہنچایا گیا جبکہ 5 زخمی ہوئے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لئے پنجاب پولیس کی فرضی مشقیں بھی جاری ہیں۔ فرضی مشقوں میں پنجاب پولیس، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ایلیٹ فورس، ریسکیو 1122، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔