واشنگٹن (ٹی وی رپورٹ)آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے قرض پروگرام کی منظوری پر پاکستانی حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ اسلام آباد نے مثبت اصلاحات کی ہیں جس کے نتیجے میں پاکستان کی معیشت بہتر اور مہنگائی کم ہوئی ہے ‘پاکستانی معیشت درست سمت میں گامزن ہے ۔
بدھ کو واشنگٹن میں آئی ایم ایف بورڈاجلاس کے بعد جیونیوز سے خصوصی گفتگو میں کرسٹالینا جارجیوا کا کہنا تھاکہ حکومت امیروں سے ٹیکس لے رہی ہے اور غریبوں کی مددکررہی ہے ۔
جیونیوزسے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھاکہ بین الاقوامی اداروں نے ہم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے‘ مہنگائی میں کمی کا عام آدمی پر اثر آنا شروع ہوگیا ہے‘ اس آئی ایم ایف پروگرام کو آخری پروگرام بنانا ہے تو ڈھانچہ جاتی اصلاحات کرنا ہوں گی ‘پروگرام کا مقصد میکرو اکنامک استحکام حاصل کرنا ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی توثیق ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مہنگائی کم، شرح سود بھی نیچے آرہی ہے، کرنسی مستحکم ہے، زرمبادلہ ذخائر بڑھ گئے ہیں‘ ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی ریٹنگ بڑھائی ہے‘ان کا کہنا تھا کہ غذا اور کموڈیٹی پرائس میں کمی آئی ہے، ہم ڈھانچہ جاتی اصلاحات کیلئے پر عزم ہیں، ٹیکس ہو یا توانائی، پرائیوٹائزیشن ہو یا سرکاری کمپنیاں ہوں ہم اس پر عمل کیلئے پرعزم ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ہمیں ماضی کو بھول کر مثبت انداز میں آگے بڑھنا چاہیے۔ جو ہوگیا وہ ہوگیا ہمیں یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ اسے آگے کیسے لے کر جانا ہے، میکرواکنامک استحکام آئے گا تو اس بنیاد پر عمارت کھڑی ہوگی۔