• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہماری قوم نے کبھی امریکا کی دھمکیوں کو سنجیدہ نہیں لیا، ایرانی سفیر

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ʼʼکیپٹل ٹاکʼʼ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ امریکا کے تمام صدور ایران پر دباؤ ڈالتے رہے لیکن ایرانی قوم نے کبھی ان دھمکیوں کو سنجیدہ نہیں لیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹوڈیو پر حملے کے باوجود اینکر نے کام جاری رکھا یہ تہران کی اصل روح ہے اور یہ حقیقی ایران ہے۔ سابق سفیرملیحہ لودھی نے کہا کہ ایران پر یکطرفہ الزامات اور جی سیون کا مؤقف شرمناک ہے حملہ کس نے کیا یہ تک نہ کہا گیا۔ پاکستان، چین اور روس نے حقائق پر مبنی مؤقف اپنانے کی حمایت کی ہے اور ایران کا دفاع کیا ہے۔چیئرمین پاکستان چائنا انسٹیٹیوٹ مشاہد حسین سید نے کہا کہ ایران پر حملے کا مقصد نیوکلیئر پروگرام نہیں بلکہ رجیم چینج ہے اور یہ منصوبہ برسوں پرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے IAEA میں ایران مخالف موقف کی حمایت نہیں کی اور دوستی کا حق ادا کیا۔ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایران کا ایٹمی پروگرام پُرامن ہے سپریم لیڈر نے ایٹمی ہتھیاروں کو حرام قرار دیا ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ انڈیا اسرائیل و امریکا کے بیانیے پر چل رہا ہے۔ ایرانی سفیر نے پاکستانی حکومت، عوام اور میڈیا کا شکریہ ادا کیا اور مسلم دنیا سے اسرائیلی سازش کے خلاف کھڑے ہونے کی اپیل کی۔ میزبان حامد میر نے کہا کہ ٹرمپ کہہ رہے ہیں ایرانی تہران شہر کو خالی کردیں اور اب ایران کو امریکہ کے ساتھ معاہدہ کرنا ہوگا البتہ ایران ان کی دھمکی میں آنے والا نہیں ہے۔ ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ تقریباً جتنے بھی امریکی صدور آئے ہیں انہوں اسی طرح کی باتیں کی ہیں کہ ہم ایران کو چھوڑ دیں لیکن ہم موجود ہیں اور ہماری عوام نے کبھی ان بیانات کو سنجیدہ نہیں لیا۔
اہم خبریں سے مزید