• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کا بجٹ عوام دوست، حکومت، لوگ بھوک سے مررہے ہیں، اپوزیشن

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) صوبہ سندھ میں پیپلز پارٹی نے بہت اچھے کام کئے ہیں اسی سبب اسے ہر الیکشن میں کامیابی ملتی ہے، بجٹ میں صحت اور تعلیم پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ بجٹ غریبوں کو کچلنے کے لئے بنایا جاتا ہے ،اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبہ خود آمر بن گیا ،جب تک مقامی حکومتوں کو با اختیار نہیں کریں گے عوام کو فائدہ نہیں ہوگا۔ سندھ کا بجٹ غیر حقیقت پسندانہ اور عوام دشمن ہے، افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ سندھ میں آج بھی اسکول بند ہیں، بجٹ میں ایک خطیر رقم رکھنے کے باوجود سندھ کے لوگ بھوک اور بیماری سے مر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار اراکین سندھ اسمبلی نے ڈپٹی اسپیکر نوید انتھونی کی صدارت میں سندھ اسمبلی کے اجلاس میں کیا- تفصیلات کے مطابق منگل کوسندھ اسمبلی میں آئندہ مالی سال کے صوبائی بجٹ 2025-26 پر منگل کو دوسرے روز بھی عام بحث کا سلسلہ جاری رہا جس میں حکومت اور اپوزیشن کے متعدد ارکان نے حصہ لیا۔حکومتی ارکان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے مشکل معاشی حالات میں بھی بہت متوازن اور عوام دوست بجٹ دیا ہے جب کہ اپوزیشن ارکان نے بجٹ کو سندھ کی تاریخ کا سیاہ بجٹ قراردیتے ہوئے الزام لگایا کہ بجٹ میں اپوزیشن کے منتخب ارکان کے حلقوں کو نظر انداز کردیا گیا ہے ۔ پیپلز پارٹی کے رکن یوسف بلوچ نے کہا کہ بجٹ اتنا آسان نہیں تھا، اس کی تیاری میں وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ اور ان کی ٹیم نے بڑی محنت کی۔ آئی ایم ایف کی شرائط اور فنڈز کی کمی کے باوجود اپنے وسائل سے عوام دوست بجٹ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں تعلیم دوسرے صوبوں سے اچھی ہے اور اساتذہ کی بھرتی سے تعلیمی نظام مزید بہتر ہوجائے گا۔
اہم خبریں سے مزید