• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محمود لانگو اور انور محمد شہی کو جلد منظر عام پر لایا جائے، وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز

کوئٹہ (آن لائن) وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ محمود علی لانگو اور محمد انور محمد شہی کی جبری گمشدگی کی تفصیلات ان کے لواحقین نے وی بی ایم پی کو فراہم کردیں محمود علی لانگو کے لواحقین نے بتایا کہ محمود علی لانگو ولد محمد عثمان رواں سال 18 جون کو افغانستان کے علاقے نمروز سے جبری گمشدگی کا شکار ہوا ہے انہوں نے یہ الزام بھی لگایا کہ محمود علی کو حکومت پاکستان کے ایما پر افغانستان سے غیر قانونی حراست میں لینے کے بعد پاکستان منتقل کردیا گیا ہے اور وہ پاکستانی خفیہ اداروں کی حراست میں ہے۔ کیونکہ محمود علی کے خلاف بلوچستان میں کچھ مقدمات بھی درج ہیں جس کی وجہ سے ان کی گرفتاری کے حوالے سے ان کے گھر پر بار بار چھاپہ بھی مارا جاتا تھا وہ گرفتاری کی ڈر سے افغانستان منتقل ہو گیاتھا اور وہاں بلوچ مہاجرین کی حیثیت سے رہ رہا تھا۔محمد انور محمد شہی کے لواحقین نے تنظیم کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ محمد انور ولد محمد مراد کو فورسز نے 28 فروری 2019کو جناح ٹاؤن کوئٹہ سے غیر قانونی طریقے سے حراست میں لینے کے بعد جبری لاپتہ کردیا گیااور انہیں معلومات بھی فراہم نہیں کی جارہیں جس کی وجہ سے لواحقین شدید ذہنی کرب و اذیت کا شکار ہیں۔ تنظیمی سطح پر محمود علی لانگو اور محمد انور کے لواحقین کو یقین دہانی کرائی گئی کہ دونوں لاپتہ افراد کے کیسز کو لاپتہ افراد کے حوالے سے بنائی گئی کمیشن اور حکومت کو فراہم کیا جائے گا اور ان کی باحفاظت بازیابی کے حوالے سے ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے محمود علی لانگو اور محمد انور کی جبری گمشدگی کی مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ دونوں لاپتہ افراد کی باحفاظت بازیابی یقینی بنائے اگر ان پر الزام ہے تو انہیں منظر عام پر لاکر عدالت میں پیش کیا جائے اور انہیں ملکی قوانین کے تحت صفائی کا موقع فراہم کیا جائے۔
کوئٹہ سے مزید