• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چشمہ اچوزئی میں 400 خلجی قبائل کے خاندان آباد ہیں‘ نواب سلمان

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی سینئر نائب صدر و خلجی قوم کے سربراہ نواب سلمان خان خلجی نے کہا ہے کہ چشمہ اچوزئی میں 400 کے قریب خلجی قبائل کے خاندان آباد ہیں، انتظامیہ کی جانب سے بغیر کسی نوٹس کے انہیں قبضہ مافیا قرار دے کر ان کے گھروں کو مسمار کیا گیا جو کسی طرح درست اقدام نہیں ۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو خلجی قبائل کے معتبرین کامران خلجی ، سردار صدیق ہوتک ، سردارشہباز ، اورنگ شاہ ، خان ولی ناصر، حاجی اکمل خان ، وزیر خان ، نورمحمد ایڈووکیٹ ، حاجی حضرت ولی ،عبداللہ خلجی ودیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ نواب سلمان خلجی نے کہا کہ گزشتہ دنوں کوئٹہ کے علاقے چشمہ اچوزئی میں آباد خلجی قبائل پر مبینہ طور پر انتظامیہ کی جانب سے کارروائی کی گئی ، فائرنگ سے خلجی قبائل کے 2 نوجوان شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوئے جبکہ انتظامیہ نے درجنوں مکانات کو بلڈوز کردیا جس کی وجہ سے ان گھروں کا سامان بھی ملبے تلے دب گیا اور متاثرہ خاندان دو ہفتے سے کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ خلجی قبائل پاکستان بننے سے پہلے یہاں آباد ہیں انتظامیہ نے خلجی قبائل کے معتبرین اور نوجوانوں کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج اور کئی افراد کو مذاکرات کے لئے بلاکر گرفتار کرلیا گیا ۔ چشمہ اچوزئی میں پیش آنے والے واقعہ کے حوالے سے صوبے میں آباد قبائل کے معتبرین بھی اپنا کردارادا کریں ۔ بعد ازاں خلجی قبائل اور چشمہ اچوزئی کے متاثرین کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا ۔
کوئٹہ سے مزید