• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمہوریت کی بنیادوں میں کارکنوں کا خون شامل ہے‘ پیپلز پارٹی

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ شہید جمہوریت بے نظیر بھٹو اورہزاروں جیالوں کی قربانیوں کی بدولت آج ملک میں جمہوریت قائم ہے ،پارٹی کبھی ملک میں جمہوریت پرآنچ نہیں آنے دے گی ۔ یہ بات صوبائی آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن اقبال شاہ ، ڈسٹرکٹ کوئٹہ کے صدر نصیب اللہ شاہوانی ، اشفاق شاہوانی ، سلمان کھوسہ ، خواتین ونگ کی صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سکینہ عبداللہ ، عیسیٰ چنگیزی نے جمعہ کو ڈسٹرکٹ کوئٹہ کے زیراہتمام شہداء کار ساز کی یاد میں منعقدہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔پارٹی رہنماوں نے سانحہ کارساز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ان شہداء کی برسی ہے جنہوں نے ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی اور ملک میں عدل و انصاف کیلئے جانوں کی قربانیاں دیں ۔مقررین نے کہا کہ 18 اکتوبر 2007 کا دن ملکی تاریخ میں قومی سانحہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر نے شہید بینظیر بھٹو کو راستہ سے ہٹانے کے لئے ان کے قافلے کو سفاکانہ انداز میں نشانہ بنایا جس میں سیکڑوں جیالے کارکن شہید اور سیکڑوں زخمی ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت شہداء کے مشن کی تکمیل اور پاکستان میں عوامی حکمرانی کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
کوئٹہ سے مزید