• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹریفک حادثات میں دو افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا

کراچی( اسٹاف رپورٹر )ٹریفک حادثات میں دو افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال سفاری پارک میٹرو مارٹ کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار کو کچل ڈالا۔عینی شاہدین کے مطابق دو واٹر ٹینکر آپس میں ریس لگا رہے تھے کہ آگے چلنے والے واٹر ٹینکر نے تیز رفتاری کے سبب موٹر سائیکل سوار کو کچل ڈالا۔حادثے کے ذمہ دار واٹر ٹینکرز ڈرائیور ٹینکرز چھوڑ کر فرار ہوگئے۔شہریوں نے ریسکیو رضاکاروں کی مدد سے کچلے جانے والے نوجوان کو ٹینکر کے نیچے سے نکالا جو موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔نوجوان کی لاش کو اسپتال منتقل کیا گیا۔حادثے کا شکار موٹر سائیکل سوار نوجوان کی شناخت 21 سالہ محمد ذیشان کے نام سے ہوئی۔واقعہ کے بعد مشتعل شہریوں نے شدید احتجاج کیا اور واٹر ٹینکرز کو آگ لگا دی۔پولیس کا دعویٰ ہے کہ ایک ٹینکر کے مالک کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔موچکو تھانے کی حدود بلدیہ مشرف موڑ کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا جنھیں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔متوفی کی شناخت 50 سالہ محمد علی ولد صابر علی اور زخمی کی 17 سالہ علی نور ولد نور محمد کے نام سے ہوئی۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید