• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمرہ کی آڑ میں بھکاریوں کو سعودی عرب بھیجنے کا مقدمہ، ایف آئی اے اور دیگر کو نوٹس جاری

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے عمرہ کرنے کی آڑ میں بھکاریوں کو سعودی عرب بھیجنے کے مقدمہ کالعدم قرار دینے کے لیے ٹریول ایجنٹ کی درخواست پر ایف آئی اے اور دیگر کو نوٹس جاری کردیئے۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو عمرہ کرنے کی آڑ میں بھکاریوں کو سعودی عرب بھیجنے کے مقدمہ کالعدم قرار دینے کے لیے ملتان کے ٹریول ایجنٹ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے استفسار کیا کہ بتایا جائے درخواست گزار پر الزام کیا ہے؟ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ایف آئی اے نے ٹریول ایجنٹ محمد عطا پر مقدمہ درج کیا ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے الزام لگایا گیا ہے کچھ افراد کو عمرہ نہیں بلکہ بھیک مانگنے کے لیے سعودی عرب بھیجا جاتا تھا۔ ٹریول ایجنٹ کو 5 بھکاریوں کو ویزہ دلوانے کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔ محمد عطا ٹکٹ کراکر دے سکتا ہے مگر ویزہ دلوانا ٹریول ایجنٹ کی ذمہ داری نہیں ہے۔ بھکاریوں کو سعودی عرب بھیجنے کے لیے الزام پر درخواست گزار کے خلاف 2 مقدمات ملتان میں درج کیے گئے تھے۔ محمد عطا دونوں مقدمات میں بری ہوگیا ہے، کراچی میں درج مقدمہ کالعدم قرار دیا جائے۔ عدالت نے ایف آئی اے اور دیگر کو نوٹس جاری کردیئے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید