• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے حق اور وسائل پر کسی کو سانپ نہیں بننے دیں گے، منعم ظفر خان

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کراچی کے حق اور وسائل پر کسی کو سانپ نہیں بننے دیں گے،عوام کے حقوق اور بلدیاتی اداروں کے اختیارات لے کر رہیں گے،جماعت اسلامی کے 9ٹاؤنز میں 10 ماہ کے دوران اختیارات و فنڈز کی کمی کے باوجود مثالی کام کیے گئے۔ہمارا عزم ہے کہ بقیہ 4سال میں اپنے 9ٹاؤنز کو شہر کے ماڈل ٹاؤن بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو مقامی بینکویٹ میں جماعت اسلامی کے 9ٹاؤن کے چیئرمینوں،وائس چیئرمینوں اور بلدیاتی ذمہ داران کے ہمراہ بلدیاتی رپورٹر کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ نے خطاب کیا۔جبکہ ڈپٹی پارلمانی لیڈر قاضی صدر الدین نے نظامت کے فرائض انجام دیے اور جماعت اسلامی کے 9ٹاؤن اور 87 یو سیز میں 10 ماہ کے دوران کیے جانے والے تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے کاموں پر مشتمل پریزنٹیشن پیش کی۔منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے بنائے گئے 1973 کے آئین کے تحت اختیارات بھی موجودہ بلدیاتی نظام میں منتخب بلدیاتی نمائندوں کو دینے پر تیار نہیں،اس کا واضح مطلب ہے کہ پیپلز پارٹی کو عوامی مسائل کے حل سے کوئی سروکار نہیں ہے16 سال میں کراچی کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے،اربوں روپے کا ترقیاتی بجٹ سندھ حکومت کی نااہلی اور کرپشن کی نذر ہو چکا ہے۔جماعت اسلامی کے 9ٹاؤن چیئرمین سندھ حکومت کے دیے گئے اختیارات وسائل سے بڑھ کر کام کر رہے ہیں اور وہ کام بھی کروا رہے ہیں جو کہ ایم سی کی ذمہ داری ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید