• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمل سے دوری کیوجہ سے ہم معاشی و معاشرتی مسائل کا شکار ہیں، گورنر سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ہم معاشی اور معاشرتی طور پر مسائل کا شکار ہیں اور اس کی وجہ عمل سے دور ہونا ہے،بیشتر سیاست دان ،سیاسی فنکار بنے ہوئے ہیں،ان سیاسی فنکاروں نے 77 سال سے ڈرامہ رچایا ہوا ہے ،یہ کبھی اسٹیج بدل لیتے ہیں اور کبھی سیاسی پارٹی ، کبھی چہرے بدل لیتے ہیں اور کبھی بیانیہ ، لیکن ملک کی حالت بدلنے کو کوئی تیار نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب چامڑیہ برادران کی جانب سے ڈی ایچ اے کراچی میںمنعقدہ ایک محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ اور دیگر مہمانوں کی آمدپر امجد چامڑیہ،افضل چامڑیہ اور سلمان چامڑیہ نے ان کا خیر مقدم کیا۔ سالانہ محفل میلاد سے سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے بانی اور چیئرمین مولانا بشیر فاروق قادری اور مولانا حاجی عبدالحبیب عطاری نے بھی خطاب کیا جبکہ بارگاہ رسالتؐ میں خاور نقشبندی اور زوہیب اشرفی نے گلہائے عقیدت پیش کیے۔محفل میں سی ای او سیلانی مدنی بشیر فاروق، سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل ،مرزا اختیار بیگ،سماجی شخصیت محمود احمد خان اور دیگر معزین شہر اور خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ ان کے نزدیک برائی پر خاموش رہنا بھی بڑا گناہ ہے ، عوام کو آواز اٹھانی چاہیے ، اپنا حصہ ڈالنا چاہیے، لیکن وہ آواز نہ اٹھائیں جس سے ملک کی سالمیت اور عزت داؤ پر لگے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید