لندن (سعید نیازی) برطانوی وزیراعظم سرکیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ ایران کا اسرائیل پر حملہ قابل مذمت ہے اور برطانیہ اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے یہ بات ایران کے حملے کے بعد ڈاؤننگ اسٹریٹ میں ایک بیان دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ خطے کو جنگ کی طرف دھکیلنے کی کوشش قابل مذمت ہے اورایران کو حملے اور حزب اللہ جیسی تنظیموں کی حمایت بند کرنی چاہئے۔ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، انہوں نے لبنان میں موجود برطانوی شہریوں کو یہ مشورہ بھی دیا کہ وہ سنگین صورت حال کے سبب فوراً وہاں سے نکل جائیں۔ ایک صحافی کے اس سوال کے کیا برطانوی افواج اسرائیل کی مدد کریں گے تو انہوں نے اس سوال کا جواب دینے سے گریز کیا، جبکہ برطانیہ کے ڈیفنس سیکرٹری جان ہیلی کا کہنا ہے کہ برطانوی افواج نے مشرق وسطیٰ میں تشدد کو بڑھنے سے روکنے میں اپناکردار اداکیا ہے۔ انہوں نے آپریشن میں شامل تمام برطانوی اہلکاروں کی ہمت اور پیشہ ورانہ کارکردگی پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ خیال ہے کہ رائل ائیرفورس کے طیاروں نے ایران کی جانب سے فائر کئے گئے میزائلوں کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔ برطانوی طیاروں ٹائفون نے اپریل میں بھی ایران کی جانب سے اسرائیل پر فائر کئے گئے میزائلوں کو روکنے کے آپریشن میں حصہ لیا تھا۔ سیکرٹری خارجہ ڈیوڈ ڈلیما نے کہا ہے کہ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں ہوگی۔ کنزرویٹو پارٹی کے لیڈر رشی سونک نے کہا ہے کہ ہم اسرائیل کے دفاع کے حق کے ساتھ کھڑے ہیں، جبکہ وزیراعظم سرکیئر اسٹارمر نے مشرق وسطیٰ کی صورت حال کے حوالے سے یورپی لیڈروں سےبھی رابطہ کیا اورجنگ بندی کے مطالبات کااعادہ کیا۔