• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مچھروں کے خاتمے کیلئے اقدامات کا فقدان ڈینگی، ملیریا اور چکن گنیا کے کیسز میں کمی نہ آسکی

کراچی (بابر علی اعوان /اسٹاف رپورٹر) مچھروں کے خاتمے کے لئے خاطر خواہ اقدامات نہ ہونے کے باعث شہر میں ملیریا، ڈینگی اور چکن گنیا کے کیسز میں کمی نہیں آسکی جس کے باعث عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ محکمہ صحت سندھ کے اعداد وشمار کے مطابق سندھ میں رواں سال 2لاکھ سے زائد افراد ملیریا سے متاثر ہوئے ، ڈینگی سے 1609افراد متاثر ہوئے جبکہ ایک ہلاکت ہوئی اور چکن گنیا کے 150سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ۔ ماہرین کے مطابق رپورٹ نہ ہونے والے کیسز کی تعداد اس سے زیادہ ہے بالخصوص کراچی میں چکن گنیا کے کیسز زیادہ آرہے ہیں ، روزانہ مختلف اسپتالوں میں شہریوں کی بڑی تعداد چکن گنیا کی علامات کےساتھ آرہی ہے لیکن ٹیسٹ مہنگا ہونے کے باعث ڈاکٹر علامات سے چکن گنیا کا علاج کر رہے ہیں ۔ ایسے افراد کو در د کش اور بخار کی ادویات کے ساتھ سپورٹیوٹریٹمنٹ دی جارہی ہے لیکن محکمہ صحت سندھ اور بلدیاتی اداروں کی جانب سے مچھروں کے خاتمے کے لئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے جارہے ، محکمہ صحت کی جانب سے مرض سے بچاؤ ، علاج اور احتیاط سےمتعلق آگہی مہم کا فقدان ہے ۔دوسری جانب ماہرین نے کراچی میں ڈینگی ، ملیریا اور چکن گنیا کے پھیلاؤ پر عوام سے درخواست کی کہ مچھروں سے محفوظ رہنے اور ان کے خاتمے کے لئے خود بھی اقدامات کریں۔
اہم خبریں سے مزید