اسلام آباد (فاروق اقدس) سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان کھلے دل کے ساتھ بھارتی وزیر خارجہ شنکر کو ویلکم کرنا چاہئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان میں اہم کانفرنس ہونے جارہی ہے، وزیراعظم نریندر مودی نہیں آرہے ہیں لیکن وزیر خارجہ جے شنکر کو بھیجا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ انجہانی سشما سوراج پاکستان کے دورے پر آنے والی آخری بھارتی وزیر خارجہ تھیں۔ دریں اثناء بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان جیسوال نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے دورہ پاکستان اور انکے وہاں پرتپاک استقبال کیے جانے کی مذمت کی ہے، انہوں نے کہا ہمارے لیے حیرت ہے کہ بھارتی قانون سے بھاگنے والے کا پاکستان میں اعلیٰ سطح پر استقبال کیا گیا۔ دوسری جانب تحریک انصاف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے آنے والے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کو اپنے احتجاج میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ آئین اور پاکستان کو مضبوط ریاست بنانے کیلئے ہمارے احتجاج میں شامل ہو جائیں۔ پی ٹی آئی رہنما اور مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا کہ کانفرنس میں آنے والے تمام مہمانوں اور مندوبین کو احتجاجی مظاہرین خوش آمدید کہتے ہیں۔