اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ کے پی میں عوامی مسائل حل کرنے پر کسی کی توجہ نہیں، باتیں اور لشکرکشی سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا ،پی ٹی آئی حکومت نے صوبے میں کرپشن کے فروغ کے سوا کچھ نہیں کیا، مہنگائی میں کوئی کمی نہیں ،تعلیمی شعبہ تباہ ، اساتذہ سڑکوں پر،لاقانونیت پولیس اصلاحات نہ ہونے کا نتیجہ۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وفاق میں مخلوط حکومت قائم ہے، تمام سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے منشور پر الیکشن لڑا، سیاسی جماعتیں نے اپنے منشور کے تحت عوام سے کچھ وعدے کئے تھے۔ پنجاب میں مسلم لیگ (ن)، خیبر پختون خوا میں تحریک انصاف، سندھ اور بلوچستان میں پیپلز پارٹی کو عوام نے مینڈیٹ دیا، سیاسی جماعتوں نے عوام کو باور کرایا کہ عوام کے مسائل کا حل ہمارے پاس ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت کو 11 سال ہو چکے ہیں، اس دوران صرف مالیاتی بدعنوانی اور بے ضابطگیوں میں اضافہ ہوا، خیبرپختونخوا حکومت کو 152 ارب روپے کے مالیاتی خسارے کا سامنا ہے۔