لاہور(نامہ نگار خصوصی، خصوصی نمائندہ) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے پوتے اور حسین نواز کے صاحبزادے زید حسین شریف کی دعوت ولیمہ کی پروقار تقریب جاتی امراء رائے ونڈ میں ہوئی ،جس میں میاں نواز شریف ، وزیراعظم شہباز شریف ، وزیر اعلیٰ مریم نواز ، کیپٹن (ر) صفدر،حمزہ شہباز ،سلمان شہباز، اسحاق ڈار،علی ڈارنواز شریف کی صاحبزادی اسما ء ڈار صاحبزادوں حسین نواز اورحسن نواز ،خاندان کے دیگر افراد ، وفاقی و صوبائی وزراء ، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماؤں، سپیکر سردار ایاز صادق ،عطا تارڑ ،خواجہ آصف، رانا شمیم، مریم اورنگزیب، رانا ثنا اللہ ،اعظم نذیر تارڑ ،طلال چوہدری ، پرویزرشید،عابد شیر علی، سہیل ضیا بٹ، ذیشان ملک اور دیگر اور بیرون ممالک سے بھی مہمان شریک ہوئے ۔، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ بھی تقریب میں موجود تھے، 700 سے زائد مہمانوں کی آمد کے پیش نظر بڑی مارکی قائم کی گئی ، شریک مہمانوں کو شدید سردی سے بچانے کیلئے ہیٹرز کا خصوصی اہتمام کیا گیا ۔ سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ،جاتی امرا ء اور اطراف کے علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی ۔ درختوں پر خوبصورت لائٹس لگا ئی گئیں جبکہ سڑک کنارے خوبصورت پھولوں والے گملے بھی رکھے گئے ، جاتی امرا ء کی ایک سائیڈ کی سڑک کو عام ٹریفک کیلئے مکمل بند رکھا گیا ، اسے مدعو مہمانوں کی گاڑیوں کیلئے مختص کیا گیا ۔ جاتی امرا ء کے اندر کے راستے کو بھی خوبصورت برقی قمقموں سے سجایا گیا ۔