• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یارک شائر میں 200 ملین لاگت سے تیارٹرین ساز فیکٹری کا افتتاح جلد متوقع

لندن (پی اے) وزیر ٹرانسپورٹ لوئیس ہے Louise Haigh یارک شائر میں 200ملین کی لاگت سے قائم کی گئی ٹرین تیار کرنے والی فیکٹری کا افتتاح کریں گی، جس سے کم وبیش700افراد کو روزگار ملنے کی توقع ہے۔ اس فیکٹری کے قیام کا مقصد لوگوں کو زیادہ بااعتماد، بآسانی قابل رسائی اور تیز رفتار ذریعہ آمد ورفت فراہم کرنا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ کام ٹرانسپورٹ فار لندن اور سیمنز کے درمیان ایک معاہدے کے سبب ممکن ہوا، فیکٹری کا افتتاح 14 اکتوبر کو حکومت کی بین الاقوامی سرمایہ سربراہ کانفرنس سے پہلے ہی کیا جائے گا۔ اس سے کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مدد ملے گی۔ لیبر پارٹی اب برطانیہ میں کاروباری سرگرمیوں کو بڑھاوا دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ ٹرین فیکٹری کے قیام سے علاقے کی معیشت کو ترقی ملے گی اور لوگوں کو اعلیٰ درجے کی ٹرانسپورٹ کی سہولت مل سکے گی، اس کے علاوہ اس سے سیکڑوں ہنر مند اور بے ہنر لوگوں کو بہتر روزگار کے مواقع ملیں گے۔ انھوں نے کہا کہ میں جانتی ہوں کہ ریلوں کی تیاری ہماری معیشت کیلئے کتنی اہمیت رکھتی ہے، یہی وجہ ہے کہ اس معاہدے میں معاونت میں ہم نے تاخیر نہیں کی۔ توقع کی جاتی ہے نیو پکاڈلی لائن کے نام سے چلائی جانے والی یہ ٹرین سروس اگلے سال سے لوگوں کو خدمات فراہم کرنا شروع کردے گی۔ انھوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اس سے بااعتبار ٹرانسپورٹ کا حصول آسان ہوجائے گا، اس سے مسافروں کی گنجائش میں اضافہ ہوگا اور لوگوں کو اضافی سہولتیں مہیا کی جاسکیں گی۔ لندن کے میئر صادق خان نے کہا کہ یہ اس بات کی شاندار مثال ہے کہ لندن میں سرمایہ کاری سے پورے ملک کو فائدہ کس طرح حاصل ہوسکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جدید ترین پکاڈلی لائن ٹرینیں جہاں تیار کی جائیں گی، وہاں کم وبیش 900 افراد کو براہ راست روزگار ملے گا جبکہ اس سے کم وبیش 1,700 سپلائی چین کو مدد ملے گی۔ اس سے برطانیہ کی معیشت کو بہت زیادہ فائدہ ہوگا اور اس سے ظاہر ہوگا کہ جب لندن ترقی کرتا ہے تو پورے ملک میں ترقی ہوتی ہے۔
یورپ سے سے مزید