دی ہیگ (راجہ فاروق حیدر) پیپلز پارٹی ہالینڈ، بلجیم، جرمنی، فرانس نے بلجیم میں پاکستان کی سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی 17ویں برسی کی تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب میں یورپی ملکوں پارٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماوسیم اختر نے خطاب میں بی بی شہید کے ساتھ لندن میں اپنی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بی بی شہید اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے پاکستان کے عوام کو شعور دیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں، جیالوں کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے گفتگو میں لغو بیہودہ زبان نہیں استعمال کی۔ چوہدری صفدر حسین، انور میمن اور راجہ طاہر کیانی نے بھی ہالینڈ سے شرکت کی اور اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت ناقابل تلافی نقصان ہے۔ پیپلز پارٹی بلجیم کے سینئر رہنما ملک محمد اجمل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو ہی پاکستان کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی پالیسیوں کی تعریف کی اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید کے کارناموں پر گفتگو کی اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔