• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قرآن مجید مکمل ضابطہ حیات ہے، علامہ قاضی عبد العزیز چشتی

لوٹن (شہزاد علی/اسرار راجہ) علامہ قاضی عبد العزیز چشتی ایم بی ای نے کہا ہے کہ قرآن مجید ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اس کتاب میں اللہ کریم نے انسان کو زندگی گزارنے کے اصولوں سے روشناس کروایا ہے اس لیے وہ والدین یقینی طور پر خوش نصیب ہیں جو اپنے بچوں کو قرآن مجید کی تعلیمات سے بہرہ ور کرنے کے لیے جدوجہد کرتے ہیں انہیں قرآن کیلئے مساجد اور مدارس میں لے کر آتے ہیں جبکہ ہماری موجودہ نسلوں کیلئے قرآن پاک کی تعلیم بے حدچنہایت ضروری ہے تاکہ ان کا اس مغربی معاشرے میں اہنے مذہب کے ساتھ تعلق جڑا رہے وہ سیلبرن روڈ لوٹن پر واقع جامعہ الاکبریہ میں لوٹن قرآن اکیڈمی کی سالانہ تقریب اسناد میں خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ قبر اور حشر میں قرآن کی تلاوت ہی کام آئے گی اس لیے قرآن پڑھنے کی عادت ڈالیں اور اپنی نسلوں کو سنواریں انہوں نے مزید کہا کہ قران پاک حفظ کرنیوالے بچے ایسے باغیچے ہیں جن سے مزید پھول کھلیں گے اور قرآن پاک کی تعلیمات سے ہر سو نیکی پھیلے گی۔ قرآن اکیڈمی کے حافظ احسان اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو قران کا علم دینے میں والدین کا کلیدی کردار بنتا ہے انہوں نے یہ بھی بتایا کہ قرآن اکیڈیمی بچوں کو قران فہمی کے لیے عربی سہل انداز میں پڑھانے کے کورسز جلد شروع کرنے جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ لوٹن قرآن اکیڈمی پچھلے پانچ سال سے لوٹن کے بچوں کو قران کی تعلیمات سے روشناس کر رہی ہے ایک بڑی تعداد اب ناظرہ قرآن اور چند بچوں نے حفظ مکمل کرنے کی سعادت بھی حاصل کر لی ہے اس اکیڈمی میں لڑکے اور لڑکیوں کے لیے مرد و خواتین اساتذہ الگ الگ تعینات کیے گئے ہیں۔ لوٹن قرآن اکیڈیمی کی اس سالانہ تقریب اسناد میں حفاظ کرام کی دستار بندی کی گئی علاوہ ازیں قرات اور نعتوں کے ہدیئے بھی پیش کیے گئے کثیر تعداد میں عمائدین نے شرکت کی۔ قران اکیڈمی میں اایک سو بارہ طلبہ نے ناظرہ قرآن اور چھ طلبا نے حفظ مکمل کرنے کی سعادت حاصل کی ہے۔ ادارے کے سربراہ حافظ احسان اللہ کا کہنا ہے کہ بچوں کو قران کا علم دینے میں والدین کا کردار بہت اہم ہے انھوں نے کہا اکیڈیمی بچوں کو قران فہمی کے لیے عربی سہل انداز میں پڑھانے کے کورسز جلد شروع کرنے جا رہی ہے ۔ جس کے زریعے نہ صرف عربی قرآن ناظرہ پڑھایا جائے گا بلکہ بچوں کو قران کی حقیقی تعلیم سے آگاہی ہو گی۔ لوٹن کے معروف بزنس مین سید مجاہد حسین شاہ کے صاحب زادے سید اویس شاہ اور چوہدری محمد فاروق کی پوتی لائبہ حسین نے حفظ قران کریم مکمل کیا جن کی دستار بندی کی گئی۔ بچوں میں تلاوت قران پاک ، نعت رسول مقبول ، تقاریر اور اسلامی تاریخ اور قران و سنت کے حوالے سے طلباء و طالبات میں کوئز مقابلے ہوئے جو بچیوں کی ٹیم نے جیت لیے ۔ ان تمام مقابلوں کو قاضی عبدالعزیز چشتی ایم بی ای اور دیگر علماء نے بطور جج شرکت کی بہتر کارکردگی دکھانے والوں کو انعامات سے نوازا ۔ شیراز خان ، سابق سیکریٹری جنرل مسلم کانفرنس برطانیہ شبیر ملک ،معروف بزنس مین سید مجاہد حسین نے شرکت کی۔ججز کے فرائض صاحبزادہ انور الاسلام ،علامہ قاضی عبد العزیز چشتی ، قاری محمد اجمل ،استاد حسن یوسف اور حافظ عمر نے انجام دیئے۔

یورپ سے سے مزید