• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جے شنکر کو احتجاج سے خطاب کی دعوت قومی مفاد کو نقصان پہنچانے کی کھلی کوشش، اسحق ڈار

اسلام آباد (صالح ظافر) بھارتی وزیر خارجہ کو پی ٹی آئی احتجاج سے خطاب کی دعوت پر پہلا اعلیٰ سطحی ردعمل، اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ قومی مفاد، SCOسربراہی اجلاس کو سیاسی فائدے کیلئے نقصان پہنچانے کی کھلی کوشش ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کو پی ٹی آئی کے احتجاجی اجتماع سے خطاب کرنے کی دعوت دینے کے پی ٹی آئی کے پی کے حکومت کے ترجمان کے میڈیا بیان پر اعتراض کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کے دورے پر آئے وزیر خارجہ کو پی ٹی آئی کے احتجاج سے خطاب کے لیے عوامی طور پرمدعو کرنا قومی مفاد اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کو سیاسی فائدے کے لیے نقصان پہنچانے کی کھلی کوشش ہے۔ اس موضوع پر حکومت کی جانب سے یہ پہلا اعلیٰ سطحی ردعمل ہے۔ سوشل میڈیا پر شائع اور دی نیوز کے ساتھ شیئر کئے گئے بیان میں انہوں نے یاد دلایا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کا وقت افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ سینیٹر ڈار نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ ایک سیاسی جماعت کی جانب سے خاص طور پر شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومتی اجلاس سے پہلے پاکستان کی بین الاقوامی حیثیت کو کمزور کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ احتجاج اور افراتفری پھیلانے کے لیے اس لمحے کا انتخاب کرتے ہوئے وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے ایجنڈے میں خلل ڈالنے اور اسے ماند کردینے اور ایک نازک لمحے میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ایسے وقت میں جب دنیا دیکھ رہی ہے، ہمیں سیاسی انتشار کی نہیں بلکہ اتحاد اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ سینیٹر اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے لیے اپنی طاقت، عزم اور قیادت دکھانے کا لمحہ ہے۔
اہم خبریں سے مزید