کراچی(اسٹاف رپورٹر)بنارس پل پر ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق پیر آباد تھانہ کی حدود بنارس پل عبداللہ کالج سے میٹرو سینما کی طرف جانے والی سڑک پر جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب مسلح ملزمان نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے 33سالہ جمال خان ولد شمشاد شدید زخمی کر دیا۔واقعے کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گیا۔پولیس کے مطابق ڈاکو مقتول کی نئے ماڈل کی موٹر سائیکل چھین کر لے گئے، اپنی موٹر سائیکل چھوڑ گئے،مقتول جمال میٹروول سائٹ بلاک 5کا رہائشی تھا ۔مقتول کے اہل خانہ کے مطابق جمال کی دو ہفتے بعد شادی تھی، گھر میں شادی کی تیاریاں جاری تھیں، مقتول نے حال ہی میں 2025ماڈل کی 2لاکھ 60ہزار روپے کی 125موٹر سائیکل خریدی تھی ،مقتول نئی موثر سائیکل پر دوست کے ہمراہ چکر لگانے نکلا تھا، مقتول کا آبائی تعلق سوات سے تھا، پانچ بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔