اسلام آباد(جنگ رپورٹر)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خانم اور ڈاکٹر عظمی کی بازیابی کیلئے بیلف مقرر کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے،گذشتہ روز سماعت کے دوران درخواست گزار خالدیوسف اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیاگیا کہ علیمہ خان اور عظمٰی خان کو کل ڈی چوک سے حراست میں کیا گیاتھا لیکن تاحال انھیں کسی عدالت میں نہیں پیش کیا گیا اور نہ کسی مقدمہ سے متعلق بتایا گیا ہے،قانون کے مطابق کسی بھی شہری کو بوقت گرفتاری وجوہات گرفتاری سے آگاہ کیا جانا ضروری ہوتا ہے،کسی بھی مقدمہ سے متعلق نہیں بتایا گیا اور نہ ان کے بارے میں کوئی معلومات دی جا رہی ہے، استدعا ہے کہ عدالت بیلف مقرر کر کہ انھیں برآمد کروائے،دلائل سننے کے بعد عدالت نے عدالت نے فہیم داد کو بیلف مقرر کرتے ہوئے سوموارکو رپورٹ طلب کرلی ہے۔