کراچی(اسٹاف رپورٹر)غزہ پر اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کے ایک سال مکمل ہونے، لبنان پر حملے کیخلاف، اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی مارچ میں شریک مقررین نے عالم اسلام کے حکمرانوں اور افواج پر زور دیا گیا کہ نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی اور امریکی سرپرستی میں اسرائیل کی بڑھتی ہوئی جارحیت و دہشت گردی کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں، اسرائیل سے دوستی مہنگی پڑیگی غزہ کے بعد لبنان کو نشانہ بنانے والا اسرائیل کل کسی اور ملک کو بھی نشانہ بناسکتا ہے.
7اکتوبر کو ملک بھر میں ”یوم یکجہتی غزہ“منایا جائیگا، عوام سڑکوں پر آئیں، اسرائیل کیخلاف احتجاج کریں۔حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا اسرائیل کو طاقت مسلم حکمرانوں کی خاموشی سے مل رہی ہے،عالم اسلام کا اتحاد صہیونی ریاست کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کردیگا، حماس رہنما و ترجمان خالد قدومی نے کہا حماس نے اسرائیل کا غرور خاک میں ملا دیا، پی پی رہنما نثار کھوڑو نے کہا اسرائیل کو روکنا ضروری ہوگیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت اتوار کو شاہراہ فیصل پر ہونے والے تاریخی ”الاقصیٰ ملین مارچ“ خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مارچ سے جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی، امیر جماعت اسلامی کراچی، منعم ظفر، مجلس وحدت المسلمین کے علامہ باقر زیدی، رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق ، جماعت اسلامی کراچی منارٹی ونگ کے صدر یونس سوہن ایڈوکیٹ، کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر عامر نواز وڑائچ نے بھی خطاب کیا۔ مارچ میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔
امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ”الاقصیٰ ملین مارچ“کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت عصبیت و لسانیت، مسلکی اور فرقہ وارانہ بنیادوں پر اختلاف اور تقسیم پیدا کرنے کے ایجنڈے پر کام کیا جارہا ہے،اسے ناکام بنایا جائے،اتفاق کے نکات اختلاف سے زیادہ ہیں، سعودی عرب اور ایران پر خصوصی ذمہ داری ہے کہ وہ یہ تقسیم پیدا نہ ہونے دیں، حکومت پاکستان کی آل پارٹیز کانفرنس اور یوم یکجہتی فلسطین کا خیر مقدم کرتے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ کانفرنس میں صرف زبانی جمع خرچ نہ کیا جائے بلکہ مسلم حکمرانوں کا اجلاس بلایا جائے جس میں مسلم ممالک کے افواج کے سربراہان کو بھی دعوت دی جائے اور اسرائیل کے خلاف راست اقدام کا اعلان کیا جائے،عالم اسلام کا اتحاد و یکجہتی اسرائیل کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کردے گا۔اسرائیل نابود و برباد ہوکر رہے گا، بیت المقدس ضرور آزاد ہوگا اور مسلمان قبلہ اول مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور اسکی پشت پناہی کرنے والا امریکا بھی دہشت گرد ہے، اسرائیل غزہ میں خیموں اور اسپتالوں پر بھی بمباری کررہا ہے، یو این او کا اجلاس جاری تھا کہ اسرائیل کے صدر نے نقشہ پیش کیا اور نیل سے فراط تک گریٹر اسرائیل بنانے کا اعلان کیا ہے۔ مسئلہ صرف قراردادوں اور واک آؤٹ کا نہیں ہے۔ امریکہ اسرائیل کو اسلحہ فراہم کررہا ہے، بدقسمتی سے مسلم ممالک اپنا رول ادا نہیں کررہے ہیں.
57 اسلامی ممالک کی بہترین افواج موجود ہو اور ناسور اسرائیل کو کچھ نہ کہا جائے تو ایسی فوج کا کیا فائدہ، اسرائیل کو طاقت مسلم حکمرانوں کے خاموش ہونے کی وجہ سے مل رہی ہے، فلسطین کے بچوں، بوڑھوں، جوانوں اور عورتوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو جھکنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ حماس کے رہنما وترجمان خالد قدومی نے کہاکہ حماس کے مجاہدین طوفان الاقصیٰ کے نظریے کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں، حماس کے مجاہدین روانہ اسرائیلی آرمی کو جہنم واصل کررہے ہیں۔