لاہور(نیوز رپورٹر،خبرنگار) تحریک بیداری امت مصطفی آج ’’عالمی یوم طوفان الاقصی‘‘منائے گی ،جس کے تحت چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں اور اجتماعات ہونگے ،سربراہ تحریک بیدار ی امت مصطفی علامہ سید جواد نقوی نے کہاکہ آج ظلم کے خلاف مزاحمت، صبر، جہاد، اور بےنظیر استقامت کا ایک سال مکمل ہونے پر اجتماعات، ریلیوں، اور جلوسوں کے ذریعے اپنی ملتوں کا پیغام اپنے بے ضمیر حکمرانوں، امریکہ اور اسکی ناجائز اولاد اسرائیل کو پہنچا کر ثابت کر دینگے کہ وہ حزب اللہ، حماس، اور غزہ کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ لاہور میں یکجہتی غزہ و لبنان مارچ دن 2 بجے مسلم ٹاؤن موڑ سے وحدت کالونی تک ہو گا ۔ جماعت اسلامی کی رہنماء ثمینہ سعید نے جے آئی یوتھ ویمن کے زیر اہتمام یکجہتی فلسطین ریلی کے موقع پر کہاکہ اسرائیل غزہ کی جنگ کو فلسطین کے بعد لبنان ، مصر ، ایران اور یمن تک پھیلا چکا ہے ۔ مسلمان حکمرانوں کی بے حسی امت مسلمہ کی وحدت پر سوالیہ نشان ہے۔ -ناظمہ صوبہ پنجاب نازیہ توحید ، عظمی عمران نے بھی خطاب کیا، ضیاءالدین انصاری نے کہاکہ ارض مقدس فلسطین کا دفاع صرف فلسطینیوں کی ذمہ داری نہیں بلکہ پوری امت پر فرض ہے ۔ تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے کہا کہ میڈیا میں بتائے جانے والے اعدادوشمار کے مطابق اسرائیل نے 7اکتوبر 2023ء کے بعد سے غزہ پر مسلسل وحشیانہ بمباری کر کے 42,000 سے زائد مسلمانوں کو شہیدکر دیا ہے ، طلباءآج ’’سٹوڈنٹس فلسطین ملین مارچ ‘‘کریں گے ۔ اسلامی جمعیت طلباء لاہور کے ناظم ساجد محمود اور تمام طلباء تنظیموں کے قائدین متحد ہوں گے۔ ملین مارچ صبح 10 بجے پی ایم جی چوک مال روڈ تا پنجاب اسمبلی ہال ہوگا۔