کوئٹہ( پ ر)کوئٹہ یونین آف جرنلسٹس نے صحافی جمال ترکئی پر پولیس تشدد اور گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ جمال ترکئی سپاٹ پر کوریج کے لئے گئے تھے ان پر تشد د ، ہسپتال سے گرفتاری اور اہلخانہ کو ملنے کی اجازت نہ دینا انتہائی افسوسناک ہے۔ اس طرح کے واقعات سے انتظامیہ اور صحافیوں کے درمیان غلط فہمیاں جنم لیتی ہیں، انہیں فوری طو رپر رہا کیا جائے ۔ ایک بیان میں کہاگیا کہ جمال ترکئی سینئر صحافی ہیں جن کی شہرت ہی یہی ہے کہ وہ کنفلکٹ زونز میں جا کر رپورٹنگ کرتے ہیں۔ اتوار کو پولیس نے ایک بار موقع پر جمال ترکئی کو زدوکوب کیا اور اس کی خبریں اور تصاویر سوشل میڈیا پر چلیں اس کے بعد جمال ترکئی ہسپتال پہنچے تو انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ اور ان کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ انہیں جمال ترکئی سے ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی ۔ بیان میں وزیراعلیٰ ، چیف سیکرٹری اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن سے معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ جمال ترکئی کو فوری رہا کیا جائے اور ا ن پر بلا جواز تشدد کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔