• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لبنان: اسرائیلی زمینی کارروائی میں توسیع، مزید 16 شہری شہید

--- فائل فوٹو
--- فائل فوٹو

لبنان پر اسرائیلی افواج کے طاقت ور بموں سے حملے جاری ہیں، زمینی کارروائی میں توسیع ہو گئی ہے۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق بیروت میں مزید خوفناک بم دھماکوں میں بچوں سمیت 12 افراد شہید ہو گئے۔

لبنان کے شہر صور کے قریب قصبے پر اسرائیلی فضائی حملے میں 4 افراد شہید ہوئے۔

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جنوبی لبنان میں اسرائیلی افواج نے اپنے مزید دستے پہنچا دیے، اسرائیلی فوج نے 3 ریزرو بریگیڈ کے دستوں کی ویڈیو جاری کر دی۔

لبنان پہنچائے گئے ہر بریگیڈ میں 3 سے 5 ہزار اسرائیلی فوجی شامل ہیں۔

دریں اثناء اسرائیلی فوج کی وسطی غزہ میں الاقصی شہداء اسپتال پر بم باری سے 11 فلسطینی زخمی ہو گئے۔

ادھر اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حزب اللّٰہ نے لبنان سے شمالی اسرائیل کے قصبے پر کم از کم 20 راکٹ داغے ہیں جن سے املاک کو نقصان پہنچا جبکہ متعدد گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔

گزشتہ رات اسرائیل کے ساحلی شہر حیفا میں حزب اللّٰہ کے راکٹ حملوں میں 10 افراد زخمی ہوئے تھے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق حزب اللّٰہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے علاقے کفر اردریم، حیفا اور تبریاز میں اسرائیلی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔

واضح رہے کہ یونیسیف نے لبنان میں بچوں کے تحفظ کے لیے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

یونیسیف کے مطابق غزہ کے بعد اب لبنان میں گزشتہ صرف 11 دنوں میں 100 بچے قتل ہوئے جبکہ گزشتہ 6 ہفتوں میں اسرائیلی کارروائیوں میں 690 بچے زخمی ہوئے، 4 لاکھ سے زیادہ بچے بے گھر ہو گئے، جو گھر اور اسکول واپس جانے کے منتظر ہیں۔

اسرائیل نےاپنی نسل کشی مہم کو لبنان تک بڑھایا ہے اور دارالحکومت بیروت سمیت لبنان کے مختلف علاقوں پر اس کے حملے جاری ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید