• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسماعیل ہنیہ کی 7 اکتوبر 2023 کو سجدہ شکر ادا کرنے کی ویڈیو پھر وائرل



فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی رہنما اسماعیل ہنیہ شہید کی 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل میں حملوں کے بعد سجدہ شکر ادا کرنے کی ویڈیو پھر وائرل ہوگئی۔

فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کی جانب سے اسرائیل پر 7 اکتوبر 2023 کو حملہ کیا گیا تھا، جسے آج ایک سال مکمل ہوگیا ہے، اس حملے کو حماس نے ’طوفان الاقصٰی‘ کا نام دیا تھا۔

7 اکتوبر 2023 کی صبح، حماس کی قیادت میں عسکریت پسندوں نے غزہ سے اسرائیل کے خلاف اب تک کا سب سے بڑا حملہ کیا۔ یہ حملہ اسرائیل کے لیے ایک بہت بڑا دھچکا تھا۔

جس کے بعد اسماعیل ہنیہ نے قطر میں دیگر رہنماؤں کے ساتھ حماس کے حملے کی خبر عرب میڈیا پر نشر ہوتے ہوئے دیکھی اور سجدہ شکر بھی ادا کیا تھا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسماعیل ہنیہ شہید حملے کی خبر سننے کے بعد انتہائی خوش نظر آرہے ہیں اور لوگوں کو مبارکباد بھی دے رہے ہیں، جس کے بعد انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ سجدہ بھی ادا کیا تھا۔

7 اکتوبر اور اس کے بعد کے حملوں میں حماس نے اسرائیلی اعداد و شمار کے مطابق 1,200 افراد کو ہلاک کیا اور 250 سے زائد افراد کو یرغمال بنا لیا۔

اس کے بعد اسرائیل کے جوابی حملوں نے غزہ کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا، جہاں ہزاروں فلسطینی شہید ہو چکے ہیں اور شہر ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے۔

یاد رہے کہ غزہ میں7 اکتوبر 2023 سے اسرائیلی حملوں میں کم از کم 41,909 افراد شہید اور 97,303 زخمی ہو چکے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید