• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کینیڈا، ویٹر کی نوکری کیلئے بھارتیوں کی طویل قطار، ویڈیو منظرعام پر

کراچی(نیوز ڈیسک)ایک وائرل ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں کینیڈا میں تندوری فلیم ریستوراں کے باہر بنیادی طور پر بھارت سے تعلق رکھنے والے طلباء کی ایک طویل قطار دکھائی دے رہی ہے، جو ملازمت کے انٹرویو کے لیے بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ فوٹیج نے سوشل میڈیا پر تیزی سے توجہ حاصل کر لی ہے، ویڈیو میں ویٹر اور سرورز سمیت 5 مختلف ملازمتیں حاصل کرنے کے خواہشمندہزاروں نوجوان طلبہ وطالبات کوقطار میں کھڑے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ملازمت کے لیے وہاں موجود لوگوں کی تعداد تین ہزار کے قریب بتائی گئی ہے جن میں اکثریت بھارتیوں کی ہے۔اس نے کینیڈا میں تعلیم حاصل کرنے یا کام کرنے کے بارے میں خواہشمندوں میں اندیشے کو جنم دیا ہے۔لائن میں انتظار کرنے والے طلباء میں سے ایک اگم ویر سنگھ نے اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ میں دوپہر 12 بجے کے قریب یہاں آیا، اور لائن واقعی بہت طویل تھی، ہم نے انٹرنیٹ کے ذریعے درخواست دی اورہمیں بتایا گیا کہ انٹرویو لیا جائے گا، لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا، میرا نہیں خیال کہ یہاں ملازمت کے مواقع ہیں۔

دنیا بھر سے سے مزید