اسلام آباد(رانا غلام قادر )خیبر پختونخواہ ہاؤس اسلام آ باد سی ڈی اے کے ریڈار کی زد میںآگیا،سی ڈی اے بلڈنگ کنٹرول سیکشن نے پیر کے روز بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی کے ارتکاب پر کے پی ہا ؤس اسلام آ باد کو سر بمہر( Seal) کردیا جبکہ خیبر پختونخوا کی لیز بھی 18سال سے ختم ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
سی ڈی اے سپیشل مجسٹریٹ سردار محمد آصف نےکے پی ہاوس کو سیل کیا۔اسسٹنٹ کمشنر اسلام آبادعبداللہ اور سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول سیکشن کے افسران کے ہمراہ تھے۔
آپریشن کے وقت کے پی ہاؤس میں جو مہمان موجود تھے انہیںجانے کی در خواست کی گئی،تمام گیسٹروم سر بمہر کردیے گئے۔
مین داخلی گیٹ پر سیکورٹی تعینات کردی گئی ہے ،جو سولہ ملازمین فیملی کے ساتھ ہاؤس میں رہتے ہیںانہیں مہلت دی گئی کہ وہ مکان خالی کردیں اور عارضی طور پر عقبی دروازہ استعمال کریں۔
سی ڈی اے حکام نے بتایا کہ خیبر پختونخوا ہ ہاؤس کے عقبی حصہ میںغیر قانو نی تعمیرات کی گئی ہیں،ہاؤس کے چند بلاکس نقشہ منظو ر کرائے بغیر تعمیر کئے گئے ہیں۔