برمنگھم (پ ر) کشمیر پر بھارت کی ننگی جارحیت اور غاصبانہ قبضے کے خلاف 27اکتوبر کو کل جماعتی بین الااقوامی کشمیر رابطہ کمیٹی کے زیر اہتمام برطانیہ بھر میں یوم سیاہ منایا اور لندن میں برطانوی وزیر اعظم کی رہائش گاہ سے بھارتی ہائی کمیشن تک مارچ اور احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر بھارت کے ظلم کو بےنقاب کیا جائے گا کہ بھارت ایک ظالم، دہشت گرد اور انسانیت کا قاتل ملک ہے، بھارت کسی بھی معاہدے اور وعدے کی پاسداری نہیں کرتا، بھارت خطے کے امن کیلئے شدید خطرہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار برطانیہ میں کشمیری جماعتوں کے مشترکہ پلیٹ فارم کل جماعتی بین الاقوام کشمیر رابطہ کمیٹی کے نو منتخب صدراور تحریک کشمیر برطانیہ کے رہنما راجہ فہیم کیانی نے کل کشمیر رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں رابطہ کمیٹی کے جنرل سیکرٹری خواجہ انعام الحق نامی، تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب، رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا انعام الحق، رابطہ کمیٹی کے سابق صدر اور جے آئی کشمیر برطانیہ کے رہنما مولانا طارق مسعود، پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما چوہدری شاہنواز، پی ٹی آئی کے رہنما ظہور سرور، تحریک کشمیر برمنگھم برانچ کے صدر چوہدری اکرام الحق، راجہ ٖفضل الرحمٰن، ظفر قریشی، افتخار جگنو، حافظ محمد ادریس اور دیگر سیاسی اور سماجی رہنماؤں اور علمائے کرام نے خطاب کیا اور لندن مظاہرے کی بھرپور حمایت اور شرکت کا اعلان کیا۔ برطانیہ بھر میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی گئی کہ وہ مظاہرے میں بھرپور شرکت کر گے مظلوم اور محکوم کشمیر عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں کہ آزادی کی جدوجہد میں وہ تنہا نہیں آزادی، جمہوریت اور انسانیت پسند عوام ان کے ساتھ ہیں اجلاس سے دیگر سیاسی اور سماجی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ راجہ فہیم کیانی نے کہا کہ بھارت نے 27اکتوبر 1947کو اپنی فوجیں کشمیر میں اتارکر غیر قانونی قبضہ کرلیا، اس دن کے بعد سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ایسا دور شروع ہوا کہ کشمیریوں کو ان کے بنیادی انسانی حقوق سے ہی یکسر محروم کردیا گیا۔ بھارتی افواج کے ظالمانہ ہتھکنڈوں اور ظلم و جبر کے باوجود کشمیری اپنے حق خود ارادیت کے مطالبہ سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے، بھارت نوشتہ دیوار پڑھ لے اور تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرے۔