• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معیشت بہتری کی جانب گامزن شرح سود سنگل ڈیجٹ میں لائی جائے، بزنس کمیونٹی

اسلام آباد (کامرس رپورٹر ) پیٹرن انچیف یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی )و سابق نگران صوبائی وزیر ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت چیلنجز کے باجود بہتری کی جانب گامزن ہے،تونائی کی قیمتیں اور بلند شرح سود انڈسٹری ،کاروبار کے فروغ اور معاشی بحالی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں،حکومت بجلی کی قیمت میں کمی اور شرح سود کو سنگل ڈیجٹ میں لانے کیلئے اقدامات کرے،ایف پی سی سی آئی کے پلیٹ فارم سے بزنس کمیونٹی نے آئی پی پیز معاہدوں کے حوالے سے بھرپور آوارز بلند کی جس کے مثبت اثرات مرتب ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں منعقدہ یو نائیٹڈ بزنس گروپ کی سینٹرل کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا بریفنگ میں کیا۔ایم ایم تنویر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی سمجھتی ہے کہ حکومتی کوششوں سے معیشت بہتر ہو رہی ہے مگر ابھی ہمیں بہت کام کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں اصلاحات وقت کی ضرورت ہے ،ہمیں پانی بچانے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ہمارے بنیادی مسائل سب کے علم میں ہیں۔حکومت کو یقینی بنانا ہو گا کہ سرمایہ کار اپنا پیسہ کاروبار میں لگائے، انڈسٹری لگے گی تو ہی کاروبار پھیلے گا اور روزگار بھی پیدا ہوگا۔سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت سب سے زیادہ سیاسی استحکام کی ضرورت ہے،بزنس کمیونٹی کا مطالبہ ہے کہ اسلام آباد کو دھرنا فری شہر قرار دیا جائے،احتجاج کا جمہوری حق استعمال کرنے کیلئے جگہ مختص کی جانی چاہیے۔قبل ازیں یو بی جی فیڈرل کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی مرزا اختیار بیگ نے کہا کہ بزنس کمیونٹی پاکستان کی معیشت کی سب سے بڑی سٹیک ہولڈر ہے،میں قومی اسمبلی میں بزنس کمیونٹی کی نمائندگی کرتا ہوں،آئی پی پیز کا معاملہ جس بہترین انداز میں بزنس کمیونٹی نے اٹھایا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔صدر یو بی جی سندھ خالد تواب نے کہا کہ یو بی جی پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم ہے،ملک کے کونے کونے میں اس کی نمائندگی ہے۔سابق صدر ایف پی سی سی آئی ،صدر یو بی جی بلوچستان انجینئر دارو خان نے کہا کہ بلوچستان کے بزنس مین کو سب سے بڑا مسئلہ سیکورٹی کا درپیش ہے ،اس حوالے سے اقدامات کی ضرورت ہے۔یو بی چی کے پی کے صدر غضنفر بلور نے کہا کہ پاکستان کی انڈسٹری اس وقت بدترین حالات کا شکار ہے،ہمیں حکومتی اقدمات پر مایوسی ہے،اقتدار میں بیٹھے لوگوں کو سمجھنا ہوگا کہ ملک چلانے کیلئے انڈسٹری کو چلانا ضروری ہے۔سابق صدر آئی سی سی آئی احسن بختاوری نے کہا کہ امید ہے پالیسیوں کی تشکیل میں بزنس کمیونٹی کی رائے کو فیصلہ کن حیثیت حاصل ہو گی۔
اسلام آباد سے مزید